لاہور (این این آئی) نظریاتی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کے باوجود مخالف حلقوں کے لئے بھی قابل احترام شخصیت کے طور پر اپنی شناخت برقرار رکھنے والے قاضی حسین احمد کی تیسری برسی منائی گئی۔ 12جنوری 1938ء کو کے پی کے گائوں زیارت کاکا میں پیدا ہونے والے قاضی حسین احمد نے مولانا ابو الاعلیٰ مودودی اور میاں طفیل احمد کے بعد تیسرے امیر کی حیثیت سے جماعت اسلامی کی قیادت سنبھالی اور جماعت اسلامی کی سیاسی تاریخ میں یہی وہ دور گردانا جاتا ہے جب جماعت سیاسی طور پر عوامی مقبولیت کے حصول کی طرف مائل ہوئی اور بعد میں آنے والی قیادت نے بھی انہی کی پیروی کی۔ قاضی حسین احمد نے اسلامیہ کالج پشاور سے گریجوایشن اور پشاور یونیورسٹی سے ایم ایس جغرافیہ کی ڈگری حاصل کی۔ پیشے کے اعتبار سے استاد تھے۔ گورنمنٹ کالج سیدو شریف سوات میں تین سال لیکچرار ر ہے پھر سیاست کے ہی ہو رہے۔ قاضی حسین احمد 6جنوری 2013ء کو اس دنیا فانی سے رخصت ہوگئے۔
سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی تیسری برسی منائی گئی
Jan 07, 2016