پیر محل (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد سرور ضلع ٹوبہ میں شامل صوبائی حلقہ پی پی 89 میں پاکستان تحریک انصاف کو گذشتہ روز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تمام 147 پولنگ سٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا 56628 ووٹ حاصل کر کے جیت گئے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ 35615 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔ پیر قطب شاہ کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی گئی اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ضمنی الیکشن میں سیاسی درجہ حرارت عروج پر رہا حکومتی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں لڑائی جھگڑے ہوتے رہے دھاندلی الزامات کی وجہ سے متعدد پولنگ سٹیشنوں پر ووٹوںکا عمل رکا رہا اور تمام دن بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی جبکہ تحصیل میں عام تعطیل کے باوجود طالبات کمپیوٹر کا پرچہ دینے میں مصروف رہیں۔ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید علی رضا کے انتقال سے خالی ہونے والی حلقہ PP-89 صوبائی اسمبلی کی نشست میں ہونے والے مقابلہ میں حکومتی امیدوار پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا اور پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزادا میدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ کے حامیوں میں پولنگ سٹیشن نمبر 133،32،89 سمیت دیگر مقامات پر لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوئے جبکہ متعدد مقامات پر حکومتی پارٹی پر مبینہ طور پر دھاندلی الزامات لگائے جانے سے پولنگ کا عمل رکا رہا۔ تحصیل میں عام تعطیل ہونے کے باوجود گرلز ہائر سیکنڈری سکول پیر محل میں طالبات نے بی اے کمپیوٹر کا پرچہ شیڈول کے مطابق دیا۔ ٹرن آﺅٹ کم رہا۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیر قطب شاہ کی جیت پر پارٹی کارکنان کے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور میاں نواز شریف حکومت کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے۔ مسلم لیگ ن کے مرحوم رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید علی رضا شاہ کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ ن کے پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ ان کی رہائش گاہ دربار سندھیلیانوالی پر جشن کا سماں تھا۔ جیت کی خوشی میں مسلم لیگ ن کارکنوں کی بڑی تعداد شہر سڑکوں پر نکل آئی۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں اور آتشبازی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ میاں نوازشریف کے حق میں زبردست نعرہ بازی بھی کی گئی۔اےن اےن آئی کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما چودھری محمد سرور کی تحصیل پیرمحل کے صوبائی حلقہ پی پی 89 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی اپنی تمام تر سیاسی ہوشیاری کے باوجود انتخابی اکھاڑے سے باہر ہو گئی اور اس کی عوامی مقبولیت کا دعویٰ لڑکھڑا کر رہ گیا اور تحریک انصاف سیاسی فالو آن پر مجبور ہوگئی، جب پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر رانا محمد شفیق نے پاکستان مسلم لیگ (ن )کے امیدوار قطب علی شاہ کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا تو پاکستان تحریک انصاف کے لئے یہ خبر خاصے بڑے دھچکے کا باعث تھی کیونکہ پی پی 89 کا حلقہ پی ٹی آئی آرگنائزر اور مرکزی رہنما چودھری محمد سرور کے ضلع میں شامل ہے۔ چودھری محمد سرور سمیت پی ٹی آئی لیڈر شپ اس موقع پر حیرت اور صدمے کا شکار ہو گئی جب رانا محمد شفیق نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ لینے کے باوجود انتخابی اکھاڑے میں اترنے سے انکار کر دیا۔
پی پی 89 الیکشن