سڈنی ٹیسٹ: پاکستان کو جیت کے لئے410 رنز، آسٹریلیا کو9 وکٹیں درکار

لاہور(نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں 465 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ پر 55 رنز بنا لیے ہیں اور فتح کیلئے 410 رنز درکار ہیں۔سڈنی میںپاکستان نے چوتھے دن کی صبح اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو یونس خان نے یاسر شاہ کے ساتھ پیش قدمی شروع کی اور نویں وکٹ کیلئے 51 رنز جوڑے جس میں یاسر کا حصہ دس رنز رہا۔ یونس خان کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا تماشا دیکھتے رہے او 175 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی پوری ٹیم 315 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 223 رنز کی برتری حاصل کی لیکن ایک مرتبہ پھر فالو آن نہ کرایا اور خود بیٹنگ کو ترجیح دی۔ڈیوڈ وارنر نے 23 گیندوں پر نصف سنچری جڑ کر عملی ثبوت دیا۔جب وہاب ریاض نے ان کی وکٹیں بکھیریں تو وہ 27 گیندوں پر 55 رنز بنا چکے تھے اور آسٹریلیا نے نویں اوور میں 71 رنز بنا لیے تھے۔سٹیو سمتھ نے جارحانہ انداز میں نصف سنچری مکمل کی۔ سمتھ 43 گیندوں پر 59 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔عثمان خواجہ نے بھی اپنے ففٹی مکمل کی اور پیٹر ہینڈزکومب کے ساتھ مزید 61 رنز جوڑے، سکور 241 تک پہنچا تو آسٹریلیا نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر کے پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے 465 رنز کا ہدف دیا ۔عثمان خواجہ 79 اور ہینڈزکومب 40 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلین بلے بازوں نے محمد عامر کی خدمات سے محروم پاکستانی باؤلنگ اٹیک خصوصاً یاسر شاہ کی خوب خبر لی، لیگ سپنر نے 14 اوورز میں 124 رنز دیے اور ایک وکٹ لی۔پاکستان نے دوسری اننگز شروع کی تو اس مرتبہ اوپنرز نے ٹیم کو نسبتاً بہتر آغاز فراہم کیا جس کا سہرا شرجیل خان کو جاتا ہے جنہوں نے تیز رفتار 40 رنزبٹورے لیکن ایک پراعتماد اننگز کے بعد وہ بے ڈھنگا شاٹ کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 55 رنز بنائے تھے، اظہر علی11 اور نائٹ واچ مین یاسر شاہ3 وکٹ پر موجود ہیں۔ پہلی اننگز میں 538 بنانے والی آسٹریلین ٹیم سیریز 2-0 سے پہلے ہی جیت چکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن