لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک میں نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کے فقدان کی نشان دہی کرتے ہوئے سندھ حکومت کے کرکٹ نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرکٹ کا کوئی نظام نہیں ہے۔سندھ کی مقامی حکومت نے کرکٹ پر کیا کام کیا ہے؟، سندھ میں پانی نہیں ملتا تو کرکٹ پر کیا کام ہوگا۔پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی ہے اسی لیے کھلاڑی ریٹائر نہیں ہورہے اگر ٹیلنٹ آرہا ہوتا تو میں اب تک کرکٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر نہیں کرتا۔ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اب بھی کئی کھلاڑیوں سے بہتر ہوں۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شکست پر حیرانی نہیں لیکن قومی ٹیم کو جارحانہ کھیل پیش کرنا ہوگا۔ ٹیم کومیرا متبادل مل گیا تو کرکٹ چھوڑ دونگا۔عمران خان کی سیاست اور کھیل میں الگ الگ شخصیت ہے ۔عمران خان کو سیاست میں دھکا کس نے دیا وہ ہی بتاسکتے ہیں۔ خیبر پی میں مجھے عمران خان سے بہت زیادہ امید تھی ‘وہ کوئی ایسا کام کر جاتے کہ لوگ کہتے کہ ہمیں ایسا لیڈر چاہئے۔ گورنر سندھ ایسا آدمی ہونا چاہئے جو فٹ ہو۔ہر بڑے شہر میں کرکٹ اکیڈمی کا ہونا ضروری ہے ۔حالات بہتر ہور ہے ہیں ‘آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ دبائو ڈالے تو پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ واپس آسکتی ہے۔
سندھ میں پانی نہیں ملتا،کرکٹ پر کیا کام ہوگا:شاہد آفریدی
Jan 07, 2017