آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خوشگوار اورکئی مقامات پر بارشوں کا امکان ہے، بالائی علاقوں میں برفباری ہوگی

ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔گزشتہ دو دنوں سے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں نے موسم کو سرد کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم خوشگوار اور کہیں مقامات پر بارشوں کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوںمیں برفباری ہوگی ۔ہفتہ کو بالائی علاقوں میں برف باری اورکہیں کہیں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پارا چنار اور دیگر مقامات پر سردی شدید ہوگئی ہے جبکہ اسکردوکا کم سے کم درجہ حرارت منفی آٹھ ڈگری تک پہنچ گیا۔علاوہ ازیں گوپس میں درجہ حرارت منفی چھ ریکارڈ کیا گیا۔متعدد علاقوں کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔پشاور، سرگودھا اور سندھ کے ضلع بدین میں پھر دھند نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔پارہ چنار میں درجہ حرارت منفی پانچ اوراسلام آباد و لاہور میں نو، پشاور میں گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سندھ اور خاص طور سے کراچی کا ذکر کریں تویہاں کوئٹہ کی سرد ہوا چل پڑی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت کم ہوگیا ہے ۔کراچی میں اس کا خوشگوار اثر یہ ہے کہ یہاں بھی درجہ حرارت 30 سے پھسل کر پندرہ اور بارہ تک گر گیا جو کراچی والوں کیلئے کافی ہی نہیں، اضافی بھی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہفتہ کی صبح کے اوقات میں ہلکی سردی رہی جبکہ مجموعی طور ہر موسم خشک رہا۔ 

ای پیپر دی نیشن