امریکی ریاست فلوریڈا کے ائرپورٹ پر 5 افراد کے قاتل سابق فوجی سٹین سنتیاگو نے انکشاف کیا ہے کہ سی آئی اے نے اسے داعش سے ملکر لڑنے پر مجبور کیا۔ داعش کے انداز میں سلیوٹ کی تصویر بھی سامنے آگئی۔ 26 سالہ اہلکار عراق جنگ سے واپسی پر نفسیاتی مسائل کا شکار ہوگیا۔ اندھا دھند فائرنگ کرنیوالے ملزم سٹیبن سنتیاگو پر داعش کی خاطر لڑنے کیلئے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ریاست فلوریڈا کے ہالی ووڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ٹو پر پیش آیا جہاں سٹار وارزکے کرداروں جیسے کپڑے پہنے دہشت گرد سٹیبن سانتیاگو نے فائرنگ کی۔ ملزم الاسکا سے فلوریڈا آیا تھا اور جہاز میں مسافروں سے بھی اسکا جھگڑا ہوا تھا۔ دہشت گرد نے لاﺅنج میں پہنچنے کے بعد باتھ روم جا کر پستول لوڈ کیا اور باہر آکر اچانک لوگوں کے سروں کا نشانہ لیکرگولیاں برسانا شروع کردیں اور پھر خود کوپولیس کے حوالے کردیا۔ ملزم کا تعلق نیوجرسی سے ہے تاہم اسکا حالیہ پتہ فلوریڈا کے علاقے نیپلز سے بتایا گیا ہے۔ برطانوی میڈیاکے مطابق ملزم کی عمر 26 برس ہے۔ وہ امریکی فوج میں رہ چکا ہے اور عراق میں بھی خدمات انجام دی تھیں، اسکے پاس فوجی شناختی کارڈبھی تھا۔ سٹیبن سانتیاگو الاسکا میں ایف بی آئی کے دفتر بھی جا چکا ہے جہاں اس نے دعویٰ کیا تھاکہ اس پر دباؤڈالا جا رہا ہے کہ وہ داعش کی خاطر لڑے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ داعش کےلئے لڑنے سے متعلق یہ دباؤ اس پرکون ڈال رہاتھا۔