اسلام آباد (راہول بشارت، دی نیشن رپورٹ) سپریم کورٹ کے حکم کے بعد پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جانوروں کے دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے استعمال ہونے والے مصنوعی ہارمونز کی مارکیٹنگ پر پابندی لگا دی ہے۔ اتھارٹی کے چیف ڈاکٹر اسلم افغانی نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے مذکورہ مصنوعی ہارمونز کی درآمد اور مارکیٹنگ کیلئے سندھ ہائیکورٹ کا حکم امتناعی خارج کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ مذکورہ مصنوعی ہارمونز کی فروخت اور مارکیٹنگ کی اجازت نہیں دیں گے۔ ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن اور ماہرین کے مطابق مصنوعی ہارمونز کے ٹیکے دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے بھینسوں اور گائے کو لگائے جاتے ہیں اور اس دودھ سے عورتوں میں بریسٹ کینسر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔