والدہ نے عمران سے شادی نہیںکی: موسیٰ مانیکا، پارٹی رہنمائوں کی بھی تردید

Jan 07, 2018

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کی تیسری مبینہ اہلیہ بشریٰ بی بی کے فرزند محمد موسیٰ مانیکا نے کہا ہے کہ میری والدہ نے عمران خان سے شادی کی خبر سے انکار کیا ہے۔ اس حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میری والدہ کا کوئی نکاح نہیں ہوا۔ عمران خان اور مفتی سعید نے کہا شادی کی خبروں کی تصدیق نہیں کروں گا۔ شادی کے حوالے سے ڈیفنس میں کوئی تقریب نہیں ہوئی۔ میری والدہ سے بات ہوئی ہے، انہوں نے عمران سے شادی کی خبروں کی تردید کی ہے۔ میرے والدین میں علیحدگی ہو چکی ہے۔ دوسری جانب نکاح خواں مفتی سعید نے عمران خان کی تیسری شادی کے متعلق سوال پر خاموشی اختیار کی ہے۔ صحافی نے مفتی سعید سے اصرار کیا کہ مفتی صاحب نکاح ہواہے تو تصدیق کر دیں۔ صحافی نے مکالمہ کیا کہ مفتی صاحب نکاح کا مطلب شادی کو منظرعام پر لانا ہے‘ لیکن مفتی سعید کچھ جواب دیئے بغیر گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔ ماہر علم نجوم سامعہ خان نے کہا کہ عمران خان کی تیسری شادی کی پیش گوئی کی تھی۔ ستاروں سے کنفرم ہے کہ عمران خان کی تیسری شادی ہو گئی ہے۔ خان صاحب کو پارٹنر کی گڈلک بھی ملے گی۔وزارت سے پہلے ان کو شادی کی شیروانی کی خوش ملے گی۔ خاتون کا تعلق بھی روحانیت سے ہے۔ ان کا رشتہ چلے گا اور نبھے گا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شادی کا جواب تو عمران ہی دے سکتے ہیں، اتنا شور مچا ہوا ہے کوئی بات تو ہوگی۔ اگر عمران کی شادی ہوگئی ہے تو انہیں مبارکباد دوں گا۔ پی ٹی آئی رہنمائوں نے شادی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ شیریں مزاری نے ٹوئیٹر پر اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب عمران کو سپریم کورٹ نے بے قصور ٹھہرا دیا تو اب ان کی تیسری شادی کی کہانیاں بنائی جارہی ہیں۔ تیسری شادی کہاں اور کب کرنا ہے، عمران کا ذاتی معاملہ ہے۔ عمران کے پولیٹیکل سیکرٹری عون چودھری نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ صحافت ہے، یہ خبر بالکل جھوٹی اور بے بنیاد ہے۔ میری تو خواہش ہوگی کہ عمران خان کی شادی ہو اور انہیں ایسا شریک حیات ملے جو ان کی زندگی کو خوبصورت بنائے لیکن سیاست سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری سرور نے کہا کہ کسی کی ذاتی زندگی میں میرا یا تحریک انصاف کاکوئی عمل دخل نہیں، کیا عمران خان کو اپنی شادی کے لئے ریفرنڈم کرانا چاہئے، عمران خان کی شادی سے بڑھ کر اور بھی مسائل ہیں، ہمیں ان پر توجہ دینی چاہئے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید نے ازراہ مذاق کہا کہ ہمارے دین میں 4 شادیاں جائزہیں۔

مزیدخبریں