ڈھاکا (آئی این پی)انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں 48 ہزار بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچوں کو بچا نامی ایک تنظیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ میانمار کی ریاستی دہشت گردی اور فوجی مظالم کے نتیجے میں بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے لاکھوں مسلمانوں میں ہزاروں کی تعداد میں حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔ رواں سال کے دوران بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا کیمپوں میں 48 ہزار نئے بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ روہنگیا پناہ گزین خواتین کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کو خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے اورانہیں صحت کے مسائل درپیش آ سکتے ہیں۔ادھر کوکس بازار میں قائم پناہ گزین کیمپ میں متعین کردہ عالمی امدادی ادارے کی مشیرہ برائے صحت راشیل کامینگز کا کہنا ہے کہ کیمپ میں موجود افراد کو صحت کے بدترین مسائل کا سامنا ہے۔ کیمپوں میں ڈائیریا،خسرہ اور ہیضہ جیسی وبائیں عام ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے پیدا ہونے والے بچوں کو یہ امراض زیادہ متاثر کر سکتے ہیں۔ اس لیے یہ کیمپ بچوں کی ولادت کے لیے مناسب نہیں۔
بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں 48 ہزار بچوں کی پیدائش متوقع
Jan 07, 2018