لاہور (سید عدنان فاروق) جماعت اسلامی کے نئے امیر کے انتخاب کے لئے پہلا مرحلہ شروع ہو گیا، الیکشن کمشن کے سربراہ اسد اللہ بھٹو 10جنوری کو شوریٰ کو موصول ہونے والوں ناموں کی روشنی میں ارکان کی رہنمائی کے لئے تین نام پیش کریں گے، مرکزی شوریٰ کے تین روزہ اجلاس میں شریک ارکان نے تین تین نام پیش کر دیئے تاہم درجن کے قریب غیرحاضر رہ جانے والے ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بذریعہ ڈاک الیکشن کمشن کو نام ارسال کردیں، تاکہ باضابطہ انتخابی عمل کا آغاز ہو سکے، ارکان شوریٰ کی جانب سے موصول رائے کی روشنی میں 38 ہزار کے قریب ارکان کو رہنمائی کے لئے امارت کے لئے 3 ناموں پر مشتمل بیلٹ پیپر بذریعہ ڈاک ارسال کئے جائینگے، خفیہ رائے شماری کے ذریعے ارکان رائے کا اظہار کریں گے، ہر رکن کے پاس اختیار ہے وہ ان تین میں سے کسی ایک یا کسی اور رکن جماعت کا نام بطور امیر جماعت اسلامی کے لئے پیش کرے۔ اسد اللہ بھٹو عمرہ کی ادائیگی کے لئے اس وقت حجاز مقدس میں ہیں اور آئندہ چند روز میں وطن واپسی ہو گی۔ جس کے بعد ارکان شوریٰ کی جانب سے موصول ہونے والے ناموں میں سے کثرت رائے والے پہلے تین نام بیلٹ پیپرز کے لئے الگ کئے جائیں گے جس کے بعد اسد اللہ بھٹو تین ناموں کا اعلان کریں گے اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ موجودہ امیر سراج الحق کی مدت امارت مارچ کے آخر تک ختم ہو جائے گی، جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق ارکان شوریٰ کی جانب سے موجودہ امیر سراج الحق، سیکرٹری جنرل اور سابق امیر خیبر پی کے پروفیسر ابراہیم خان کے نام ارکان کی رہنمائی کے لئے پیش ہو سکتے ہیں۔
امیر جماعت
جماعت اسلامی کے نئے امیر کے انتخاب کے لئے پہلا مرحلہ شروع ہو گیا
Jan 07, 2019