پشاور: دھماکہ کے بعد فضا سوگوار، مجسٹریٹ کا جائے وقوعہ کا دورہ، نقصان کا جائزہ

Jan 07, 2019

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کینٹ کے علاقہ کالی باڑی میں دھماکہ کے دوسرے روز بھی خوف کی فضا برقرار رہی تاہم انتظامیہ نے دھماکے کے باعث منقطع ہونے والی بجلی کی بحالی اور جائے وقوعہ پر صفائی کا کام مکمل کرلیا ہے۔ دوسری جانب کینٹ مجسٹریٹ قراۃ العین وزیر نے انجینئرنگ ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے دھماکے سے متاثرہ مکانات اور دکانوں کے مالکان کو کسی بھی حادثے کے پیش نظر ہدایت کی کہ وہ اپنے مکانات اور دکانوں سے دور رہیں۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے روز کینٹ کے علاقہ کالی باڑی میں بارودی مواد سے بھری گاڑی کے دھماکے میں 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔انہوں نے کہا آج سٹرکچر انجینئرز متاثرہ مکانات اور دکانوں کا جائزہ لینے کیلئے یہاں کا دورہ کریں گے اور نقصان کا تعین کرکے تفصیلات کینٹ کے اعلی حکام کو فراہم کریں گے جس میں متاثرہ دکانداروں اور گھروں کے مالکان کو اجازت دی جائیگی کہ مذکورہ تعمیرات مطلوبہ مدت میں مکمل کرلیں۔خیبرپی کے میں دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ سکیورٹی بھی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق حساس مقامات ، تعلیمی اداروں اور دفاتر کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اس کے علاوہ مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں بھی قائم کردی گئی ہیں جن پر تلاشی کے عمل کو سخت کردیا گیا ہے۔افغانستان سے 5 دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاع پر خیبرپی کے اور قبائلی اضلاع میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خیبرپی کے میں داخل ہونے والے دہشت گروں میں خودکش بمبار بھی شامل ہیں جن کو ضلع چارسدہ اور اُس سے ملحقہ دیہی علاقوں میں آرمی پبلک سکول طرز پر تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ یہ دہشت گرد سکیورٹی اداروں کے دفاتر اور گنجان آباد علاقوں کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔

مزیدخبریں