ورلڈ اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کانفرنس کو بین الاقوامی فورم بنانے کی تجویز منظور

لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ دوسری سالانہ ورلڈ اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کانفرنس کے اختتامی سیشن میں ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ڈیکلریشن پیش کیا اور کانفرنس میں شریک مختلف ملکوں کے سکالرز پر مشتمل بین الاقوامی فورم میں تبدیل کرنے کی تجویز دی جس کی شرکائے کانفرنس نے اتفاق رائے سے منظور ی دی۔انہوں نے کہا کہ یہ فورم جو اکیڈمک سطح پر مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے بین الاقوامی سکالرز،ماہرین پر مشتمل ہو گا اور اسلامک بینکنگ اور سیاسی سماجی مسائل کے حل کیلئے اپنا نظریاتی ،فکری،علمی کردار ادا کرے گا اور اس بات کو ممکن بنایا جائے گا کہ او آئی سی کے ممبر ممالک باہمی معاشی سرگرمیوں کو بڑھائیں اور اپنی اپنی ترقی کو ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک دوسرے کی زرعی،صنعتی شعبہ میںمدد کریں۔کانفرنس میں امریکہ،آسٹریلیا،سعودی عرب،برطانیہ،نیدر لینڈز، ملائشیاء اور ازبکستان کے سکالرز،معاشی ماہرین شریک تھے۔اختتامی سیشن میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی تحریر کردہ کتاب’’ اسلامی اخلاقیات تجارت‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی جسے شرکائے کانفرنس نے بے حد سراہا۔بین الاقوامی سکالرز کا کہنا تھا کہ کہ زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جسے اخلاقی حدود و قیود سے ماورا تا دیر قائم رکھا جا سکے ۔اسلام زندگی کے دیگر شعبہ جات کی طرح اقتصادی سر گرمیوں میں بھی اخلاقی حدود اور اقدار فراہم کرتا ہے۔دوسرے اور آخری روزڈاکٹر حسین محی الدین نے منہاج حلال سرٹیفیکشن بیورو کے قیام کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں حلال اور حرام کو واضح کر دیا گیا ہے،اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بیورو کو متعارف کروایا جا رہا ہے،اس کے ساتھ ساتھ فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی اور اسلامک بینکنگ ڈیپارٹمنٹس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے،یہ بیورو حلال سرٹیفیکشن کورس بھی متعارف کروائے گا۔

ای پیپر دی نیشن