اسلام آباد: مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف جو شخص بھی آواز اٹھائے گا وہ جیل جائے گا۔ حکومت ملنے والی امداد کو کہاں خرچ کر رہی ہے۔
مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ حکومت پوری دنیا سے بھیک مانگ رہی ہے۔ لیکن یہ قرضے کہاں خرچ ہوں گے کوئی ترقیاتی پروگرام نہں ہے۔
مریم اورنگزیب نے وزیر خزانہ سے سوال کیا کہ وہ عوام کو کیوں نہیں بتاتے کہ اب تک کتنی امداد مل چکی ہے اور اسے کہاں استعمال کیا جائے گا۔ حکومت مہنگائی اور ٹیکسوں کا جواب کیوں نہیں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت بنانے کے لیے اور اب حکومت چلانے کے لیے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو گرفتار کیا گیا۔ اپوزیشن احتساب کے لیے تیار ہے لیکن اگر سیاسی انتقام لیا جائے گا تو کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے جب کہ موجودہ حکومت تذبذب کا شکار ہے اور اُن کے وزرا جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ اب تو عدالت نے بھی پنجاب حکومت کی اہلیت پر سوال اٹھا دیا ہے۔ جو حکومت سوالوں کے جواب نہیں دے سکتی وہ حکومت چلانے کی بھی اہلیت نہیں رکھتی۔ حکومت کے خلاف سرکاری افسر بھی اگر سر اٹھائے گا اور نہ کرے گا تو وہ جیل جائے گا۔
انہوں نے فرخ سلیم کی جانب سے اٹھائے گئے سوال اور تنقید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فرخ سلیم کے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے قاصر ہے کیونکہ ان کے پاس جواب ہی نہیں ہے۔ نیب کے ذریعے پاکستان میں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں چور کہنے والے علیمہ باجی سے پوچھنے کی ہمت نہیں رکھتے کیونکہ عمران خان خود علیمہ باجی کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں کاروبار کرتے ہیں جب کہ وزیراعظم ہیلی کاپٹر کیس میں نیب کو جواب کیوں نہیں دے رہے۔