چاہے میں ہوں یا میرے گھر کے افراد ، کوئی بھی ہو جس نے میرے گھرکا پتہ دیا ہے، وہ قانون سے بالا ترنہیں:شہریار آفریدی

Jan 07, 2019 | 15:53

ویب ڈیسک

وزیرمملکت برائے داخلہ امور شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ قانون سب پرلاگو ہے، چاہے میں ہوں یا میرے گھر کے افراد ہوں۔

منشیات کے خلاف مہم چلانے والے وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کے بھتیجےکی گزشتہ ماہ منشیات سمیت گرفتاری کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے ایک بیان میں وضاحت کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ میرا بہت بڑا خاندان ہے، کوئی بھی ہو جس نے میرے گھرکا پتہ دیا ہے، وہ قانون سے بالا ترنہیں، اسے سب سے زیادہ مثالی سزا ملے گی۔

اسلام آباد پولیس نے وزیر مملکت برائے داخلہ کے قریبی عزیز کو منشیات سمیت گرفتار کیا تھا، ایف آئی آر کے مطابق گرفتار نوجوان طلال نادر آفریدی نے اپنا حالیہ پتہ منسٹر کالونی اسلام آباد کا لکھوایا۔

پولیس نے ملزم طلال نادر آفریدی اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف دسمبر میں ایف آئی آر درج کر کے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔

طلال نادر آفریدی پر 11 دسمبر 2018 کو تھانہ جنڈ اٹک میں مقدمہ درج کیا گیا ۔جس کی تفصیلات اب سامنے آئی ہیں، مقدمہ کی درج شدہ ایف آئی آر کے مطابق ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے گاڑی بھگا دی ۔

پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا اور روک کر تلاشی لی تو اس میں سے آدھا کلو گرام سے زائد چرس برآمد ہوئی ۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ طلال نادر آفریدی وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی کا بھتیجا ہے،جسے ضمانت پر جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں