لاہور (اسپورٹس رپورٹر) سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی ای) میں شروع ہو گئے۔قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ مسلسل دو روز تک جاری رہیں گے، ذرائع کی مطابق فٹنس ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کے فیٹ اینالسز، اسٹرینتھ، اینڈیورنس، سپیڈ اینڈیورنس اور کراس فٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے، فٹنس ٹیسٹ کے ابتدائی مرحلہ میں 10 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے گئے۔وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد عامر کے دو روزہ فٹنس ٹیسٹ 20 جنوری سے شروع ہوں گے۔ ٹائیفائیڈ کے باعث عثمان شنواری کا فٹنس ٹیسٹ بھی دوسرے مرحلے میں ہوگا۔ وائرل انفیکشن کے باعث اظہر علی، محمد رضوان اور اسد شفیق کے فٹنس ٹیسٹ بعد میں لیے جائیں گے۔ فخر زمان اور حسن علی کے فٹنس ٹیسٹ میڈیکل پینل کی کلئیرنس کے بعد ہوں گے۔ قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا پہلا روز اختتام پذیر ہو گیا، بیشتر کھلاڑی پسلیوں کی تکلیف، کمر سٹرین، وائرل انفیکشن اور ٹائیفائیڈ کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ کا حصہ نہ بن سکے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شیڈول فٹنس ٹیسٹ کے ابتدائی روز صرف 10 سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز ہی شریک ہوئے۔ فخر زمان کمر پر سٹرین ، حسن علی پسلیوں کی تکلیف، اظہر علی، اسد شفیق اور محمد رضوان وائرل انفیکشن جبکہ عثمان شنواری ٹائیفائیڈ کا شکارہونے کی وجہ سے ان ٹیسٹوں کا حصہ نہ بن سکے۔ فخر زمان اور حسن علی کے فٹنس ٹیسٹ میڈیکل پینل کی کلیئرنس کے بعد ہوں گے، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان بھی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، تینوں کرکٹرز کے ٹیسٹ نہیں ہو سکے، پی سی بی ان کا 20 جنوری کو ٹیسٹ لے گا۔یاد رہے کہ فٹنس ٹیسٹ کا حصہ بننے والے پلیئرزمیں بابر اعظم، سرفراز احمد ، یاسر شاہ ، اسدشفیق، اظہرعلی، حارث سہیل ، امام الحق ، محمد عباس ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض، عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم ، محمد عامر، محمد رضوان ، شان مسعود اور عثمان شنواری شامل ہیں۔