اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) کانگرس کے سینئر لیڈر چدمبرم نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں احتجاج کرنیوالے طلبہ و طالبات پر انتہا پسند ہندو تنظیم کے حملے کو فاشسٹ ازم قرار دیتے کہا بھارت عملاً کشمیر کھو چکا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چدم بدم نے اس طرح کی سرگرمیوں کا ذمہ داری بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کو قرار دیا ہے۔ نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چدم برم نے کہا کہ جن افراد نے طلبا پر حملہ کیا ان کا سراغ لگایا جائے اور انھیں قانون کے حوالے کیا جائے۔ انھوں نے نئی دہلی کی پولیس کو بھی واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا۔ بھارت کے سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے پورے ہندوستان کو کشمیر بنا کر رکھ دیا ہے۔ مودی حکومت کہتی تھی کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کشمیر کو بھی بھارت کے دوسرے شہروں کی طرف نارمل بنائیں لیکن اب اس نے پورے بھارت کو کشمیر بناکر رکھ دیا ہے۔ یشونت سنہا جو خود BJP حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں ، نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھارت کے امن کو تہس نہس کر دیا ہے۔ یشونت سنہا کوبی جے پی حکومت سے اختلاف پر پارٹی سے الگ کر دیا گیا تھا۔ یشونت سنہا جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سامنے شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کرنے والے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ یشونت سنہا ان لیڈروں میں شامل تھے جنھوں نے حال ہی میں کشمیر کا دورہ کیا تھا اور اپنی رپورٹ میں حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ کشمیر میں بات چیت کے ذریعے مسئلے کے حل کی کوشش کرے۔