لاہور (کامرس رپورٹر‘ آن لائن) پاکستان میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور ایک تولہ سونا ترانوے ہزار چار سو روپے کا ہو گیا۔ جیولرز کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت دو ہزار چھ سو روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ترانوے ہزار چار سو روپے ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت چھبیس ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار پانچ سو اٹھہتر ڈالر سے تجاوز کر گئی جو چھ سال کی بلندترین سطح ہے۔ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں تین روز کے دوران پانچ ہزار ایک سو روپے کا اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق مشرق وسطحی میں کشیدگی بڑھنے کے باعث سونا مہنگا ہو رہا ہے۔ دریں اثناء ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 2 ڈالر 4 سینٹس کے اضافے کے بعد قیمت 70 ڈالر 64 سینٹس فی بیرل ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 1 ڈالر 55 سینٹس کا اضافے کے بعد قیمت 64 ڈالر 62 سینٹس فی بیرل ہو گئی ہے۔ دوسری جانب ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کا آغاز سے ہوا، جاپانی سٹاک مارکیٹ میں 465 پوائنٹس کی مند جو ایک ریکارڈ ہے ۔کورین سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی ریکارڈ کی گئی جبکہ چینی سٹاک مارکیٹوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔