رملہ(صباح نیوز) فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں اور تشدد کے واقعات میں50فلسطینی زخمی ہو گئے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ، آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سمیت تشدد کے دیگر حربے استعمال کیے، گذشتہ ہفتے غرب اردن اور القدس میں فلسطینیوں کی طرف سے یہودی آباد کاروں اور قابض فوج پر دھماکہ خیز مواد سے حملوں کے علاوہ چاقو سے حملے اور پٹرول بموں سے حملے کیے گئے۔ گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی طرف سے غرب اردن میں فلسطینی مظاہرین کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو فلسطینی گولیاں لگنے اور درجنوں شہری آنسوگیس کی شیلنگ سے متاثر ہوئے۔ قابض صہیونی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں یہودی شرپسندوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر دھاوئوں اور بے حرمتی کا سلسلہ جاری رہا اور اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کیا گیا ۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں یہودی آباد کاروں، یہودی طلبا ، سیاست دان، مذہبی ربی اور صہیونی انٹیلی جنس حکام سمیت درجنوں یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر اس کی بے حرمتی کی اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کیا۔