قصور‘ نارنگ منڈی‘ شرقپور شریف (نامہ نگاران) لاہور ‘ قصور‘ نارنگ منڈی اور شرقپور سمیت دیگر شہروں میں گیس کا بحران گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس کے کم پریشر کے خلاف داؤد خیل میں شہریوں نے سوئی گیس آفس کے باہر شدید احتجاج کیا۔ دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی بحال کر دی۔ سی این جی سٹیشنزکو گیس بحالی کا فیصلہ عارضی طور پر کیاگیا ہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی بد ترین لوڈ شیڈ نگ نے نارنگ منڈی کرتے ہوئے اور گردو نواح کے عوام کو بے حال کر دیا۔ گیس بحران کے باعث عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ گے۔ شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید احتجاج سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق سردی کی شدت میں اضافے کے بعد قصور شہر میں سوئی گیس نایاب ہے۔ سوئی گیس چوبیس گھنٹوں میں اگر دو گھنٹے آتی بھی ہے تو اس کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ کھانا نہیں پکایا جا سکتا جس کے باعث شہریوں خصوصاً خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور شہر میں سوئی گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں نے اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے سی این جی سٹیشنز کو عارضی طور پر گیس بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا‘ رواں ہفتے منگل اور جمعہ کو گیس سپلائی دی جائے گی۔ کمپنی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق سی این جی سٹیشنز کو صبح آٹھ سے رات آٹھ بجے تک گیس سپلائی بحال رہے گی‘ تاہم آئندہ ہفتے کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائیگا۔
گیس بحران سے عوام بے حال‘ پنجاب کے سی این جی سٹیشنزکو سپلائی بحال
Jan 07, 2020