سینٹ: 8 بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد‘ دستور میں مزید ترمیم کا بل مؤخر

Jan 07, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے8 بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھیج دئیے جبکہ دو بل محرک کی عدم موجودگی کے باعث موخر کر دئیے گئے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ نے ایوان کی رائے سے 8 بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے کئے۔ جن میں سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کی جانب سے پیش کئے گئے پاکستان انجینئرنگ کونسل (ترمیمی) بل 2019ء اور اسلام آباد ممانعت گداگری بل 2019ء شامل تھے۔ سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی کی جانب سے یونانی، آروویدک ہومیو پیتھک پریکٹیشنرز (ترمیمی) بل 2019ء پیش کیا گیا۔ سینیٹر فاروق حامد نائیک کی جانب سے گارڈینز اینڈ وارڈز (ترمیمی) بل 2019ء اور گرفتار، زیر حراست یا زیر حراست دوران تفتیش افراد کے حقوق بل 2019ء پیش کئے۔ سینیٹر ثمینہ سعید کی جانب سے دماغی کمزوری خصوصی اقدامات بل 2019ئ‘ سینیٹر بہرہ مند خان تنگی کی جانب سے نیشنل ہائی ویز سیفٹی (ترمیمی) بل 2019ء پیش کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے 8 بل ایوان کی رائے لینے کے بعد متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے۔ جبکہ امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق کی عدم موجودگی کے باعث ان کے دو بل موخر کر دئیے جن میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کے آرٹیکل 45 میں مزید ترمیم کا بل دستور (ترمیمی) بل 2019ء اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کے آرٹیکل 213 میں مزید ترمیم کا بل دستور (ترمیمی) بل 2019ء شامل تھے۔ سینٹ میں نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل 2019ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ ایوان بالا کے اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین سینیٹر محمد طلحہ محمود کی جانب سے سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار نے قائمہ کمیٹی کی نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل 2019ء پر رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حکومتی مخالفت پر پاکستان ماحولیاتی تبدیلی ایکٹ 2017ء میں مزید ترمیم کا بل پاکستان ماحولیاتی تبدیلی (ترمیمی) بل 2019ء موخر کر دیا۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ نے پاکستان ماحولیاتی تبدیلی ایکٹ 2017ء میں مزید ترمیم کا بل پاکستان ماحولیاتی تبدیلی (ترمیمی) بل 2019ء بل پیش کیا۔ وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس میں پیش کی گئی تجاویز سے بہت آگے بڑھ چکے ہیں جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بل موخر کر دیا۔ ایوان بالا کے اجلاس کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے بیٹے کے انتقال پر ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے آغاز پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے صاحبزادے کا انتقال ہوگیا ہے۔ انہوں نے مولانا عطاء الرحمن سے ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کرانے کی درخواست کی۔ جس پر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے ایوان میں دعائے مغفرت کرائی۔ دو تہائی اراکین کی عدم موجودگی کے باعث ایوان بالا میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور میں مزید ترمیم کا بل دستور (ترمیمی) بل 2019ء کو موخر کر دیا گیا۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محمد جاوید عباسی نے یہ بل پیش کیا۔ صدر نشین سینیٹر مظفر حسین شاہ نے کہا کہ اس بل کے لئے دو تہائی اراکین کی موجودگی کی ضرورت ہے جو اس وقت ایوان میں موجود نہیں ہیں جس پر اس بل کو مؤخر کر دیا گیا۔

مزیدخبریں