وفاقی تعلیمی اداروں میں وزیٹرز کے موبائل لے جانے پر پابندی عائد

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے انتظامی کنٹرول کے ادارے میں ملازمین کے داخلے کے نئے ضوابط لاگو، ایف ڈی ای میں داخل ہونے والے وزیٹرز کے موبائل لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی، مسابقتی کمیشن سے ڈیپوٹیشن پر تعینات جوائنٹ سیکرٹری و قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سید عمیر جاوید کی منظوری سے نئے استقبالیہ ڈیسک قائم کرتے ہوئے نئے قواعد و ضوابط ( ایس او پی ) جاری کر دئیے گئے ہیں، ایڈمن افسر امجد علی کی جانب سے جاری ایس او پی میں تمام اساتذہ و غیر تدریسی عملہ کے لیے تین سے پانچ تک کا وقت مقرر کر دیا گیا ہے، ایف ڈی ای میں داخل ہونے والے تمام ملازمین و ملاقاتیوں کے اصلی شناختی کارڈ، وزٹ کا مقصد سمیت داخل و خارج کا وقت بھی نوٹ کیا جائے گا،داخلے سے قبل ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر یا ڈپٹی ڈائریکٹر کی اجازت لینا ضروری ہوگا اور بصورت دیگر شناختی کارڈ واپس نہیں کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ قائمقام ڈائریکٹر جنرل گزشتہ کئی مہینوں سے ایف ڈی ای میں نہیں آتے اور ڈائریکٹرز کو میٹنگ کے لیے وزارت کے دفتر میں بلاتے ہیں، ایف ڈی ای کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان سے ڈیپوٹیشن پر تعینات ڈائریکٹر جنرل کو تعلیمی اداروں کے زمینی حقائق کا علم نہیں کیونکہ اس سے قبل عجلت میں انہوں نے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا جو بری طرح ناکام ہوا جبکہ ون ونڈو کے طے شدہ ایس او پی بھی پورے نہ ہوئے جس کی وجہ سے اب نئے انداز سے استقبالیہ ڈیسک قائم کرنے کا تجربہ کیا جا رہا ہے، دوسری جانب فیڈرل گورنمنٹ ہیڈز ایسوسی ایشن نے ملازمین کے داخلے پر پابندی جو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی سرکاری ادارے میں ایسی پابندیاں عائد نہیں اور آمرانہ اقدامات کی بدترین مثال ہیں اور ملازمین شوق سے نہیں مسائل کے حل کے لیے وفاقی نظامت تعلیمات جاتے ہیں،مسابقتی کمیشن آف پاکستان سے ڈیپوٹیشن پر تعینات ڈائریکٹر جنرل سید عمیر جاوید سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا اور نہ ہی میسج کا جواب دیا ہے

ای پیپر دی نیشن