بلوچستان کی محرومیوں کا ذمہ دارعشروں سے ایوانوں پرمسلط حکمران ٹولہ ہے ،سراج الحق

Jan 07, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمران پارٹیاں ایک ہی جتھہ ہے۔یہ جتھہ ملک و قوم کے نہیں ہمیشہ اپنے مفادات کے حصول کے لیے سرگرم رہا۔ آرمی ترمیمی ایکٹ میں پہلے حمایت کا اعلان کرنے والے اب این آر او کے حصول کے لیے تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔بلوچستان کی محرومیوں کا ذمہ داروہ حکمران ٹولہ ہے جو عشروں سے اقتدار کے ایوانوں پر مسلط ہے۔کرپٹ سرمایہ داروں اور ظالم جاگیرداروں کو جب تک سیاست سے آئوٹ نہیں کیا جاتا، حالات نہیںبدلیں گے۔بلوچستان کے ماضی اور حال کو یرغمال بنانے والے اب صوبے کی آنے والی نسلوں کے مستقبل سے کھیلنا چاہتے ہیں۔گیس رائیلٹی کا سب سے زیادہ حق دار بلوچستان ہے مگر صورتحال یہ ہے کہ ابھی تک کوئٹہ کے بھی بے شمار علاقے گیس سے محروم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے لسبیلہ اور حب میں کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ان ہائوس اور چہروں کی تبدیلی کی باتیں کرنے والے ظلم اور جبر کے استحصالی نظام کو مسلط رکھنا چاہتے ہیں۔جعلی طریقوں اور بوگس انتخابات کے ذریعے منتخب کراکر دفاتر میں بیٹھائے گئے لوگ جو بھی پالیسی بنائیں گے وہ ناکام ہوگی اور ایسے لوگوں کے آنے جانے سے عوام کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ان ہائوس تبدیلی کی کوششوں سے ارکان کی خرید و فروخت ہوگی۔ان کی منڈی کے مال کی طرح قیمتیں لگیں گی اور دوبارہ وہی چہرے سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی عوام کے ووٹوں سے آسکتی ہے اور عوام کو یہ حق ملنا چاہیے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان سے کئے گئے وعدے کسی حکومت نے پورے نہیں کیے۔سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکومت کے وعدے بھی لکیر برآب ہیں۔وزیراعظم اپنے اعلانات اگلے دن بھول جاتے ہیں ۔موجودہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی صفر ہے۔صوبائی حکومت75ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز میں سے35ارب خرچ ہی نہیں کرسکی۔وسائل کی کمی اور فنڈز نہ ہونے کا گلہ کرنے والے ان وسائل کو بھی کام میں نہیں لاسکے جو ان کے پاس موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کرپشن کی رپورٹیں آئے دن عالمی میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ اس وقت ملک پر مسلط کی گئی حکومت سب سے زیادہ نااہل اور نالائق ہے اور اب اس حکومت کو مسلط کرنے والوں کو بھی احساس ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یہ نظام کی تبدیلی کی طرف توجہ نہیں دیتے،ہمیشہ چہروں کی تبدیلی پر اکتفا کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے ۔ جماعت اسلامی ملک کی سب سے منظم اور جمہوری جماعت ہے جس کے پاس عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والی دیانتدار قیادت موجود ہے ۔مشرقی وسطیٰ کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکہ عالم اسلام پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے ۔لیکن یہ جنگ کسی ایک علاقے یا خطے تک محدود نہیں رہے گی۔

مزیدخبریں