اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں گواہ کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔ بدھ کے روز سماعت کے دوران یوسف رضا گیلانی عدالت پیش ہوئے جبکہ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے، معاون وکیل نے عدالت کو بتایاکہ فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، جرح نہیں کر سکتے، جس پر عدالت نے استفسار کیاکہ آپ کا وکالت نامے میں نام ہے اس پر وکیل نے کہاکہ گیلانی صاحب خود آئے ہوئے ہیں، گواہان ذوالفقار علی گوپانگ اور نوید ملک کا بیان مکمل ہونے پرعدالت نے آئندہ سماعت پر جرح کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت پر باقی گواہان کو بھی پیش کریں اور سماعت13جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔