بیٹنگ چلی نہ باولنگ ، پاکستان کو اننگز، 176 رنز سے شکست نیوزی لینڈ کا ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے چوتھے روز ہی پاکستان کو میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کے ہاتھوں اننگز اور 176 رنز سے شکست ہوگئی۔جب چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان ٹیم پر ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اننگز سے شکست کے بادل گہرے ہوتے رہے۔چائے کے وقفے کے بعد سے قبل اس کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں اور چائے کے وقفے کے بعد مزید 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 8 رنز ایک کھلاڑی آوٹ سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو محمد عباس زیادہ دیر تک اوپنر عابد علی کا ساتھ نہ دے سکے، وہ 29 گیندوں پر 3 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کا شکار بنے، یہ وکٹ 17 کے سکور پر گری۔تیسری وکٹ پر عابدعلی اور اظہر علی نے29 رنز کا اضافہ کیا ، اس مجموعے پر اوپنر عابد علی نے اظہر علی کا ساتھ چھوڑ دیا، وہ 26 رنز بناکر کائل جیمی سن کی اس اننگز میں دوسری وکٹ بن گئے۔کھانے کے وقفے پر پاکستان کا سکور 3وکٹ پر 69 رنز تھا، اظہر علی27 اور حارث سہیل 10رنز پر ناقابل شکست تھے، کھانے کے وقفے کے بعد حارث سہیل نے بھی اپنی وکٹ کائل جیمی سن کو تھمادی، وہ صرف 15 رنز بناکر پویلین پہنچے۔اظہر علی کی مزاحمت بھی 37 کے سکور پر کائل جیمی سن کے ہاتھوں ختم ہوئی، کپتان محمد رضوان کو آوٹ کرکے جیمی سن نے اننگز میں نہ صرف پانچ شکار مکمل کیے بلکہ میچ میں وکٹوں کی تعداد 10 تک پہنچادی۔پاکستان کی گرنے والی ساتویں وکٹ فواد عالم کی تھی وہ 16 رنز بناسکے ۔ چائے کے وقفے کے فوری بعد فہیم اشرف 28 رنز بنا کر پویلین پہنچ گئے۔پاکستان کی نویں وکٹ شاہین شاہ کی گری وہ 7 رنز بناسکے جبکہ آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی ظفر گوہر تھے وہ  37 رنز کر آوٹ ہوئے‘پاکستان ٹیم 186رنز پر پویلین لوٹ گئی۔دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمی سن نے 6 ، ٹرینٹ بولٹ نے 3 اور کپتان ولیمسن نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔کائل جیمی سن نے میچ میں گیارہ وکٹیں حاصل کیں ‘انہیںمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ کپتان کین ولیم سن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 297رنز بنائے تھے جبکہ نیوزی لینڈنے پہلی اننگز 659رنز 6کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کی تھی ۔ 

ای پیپر دی نیشن