ناکام ادارے ملکی وسائل کو سفید ہاتھیوں کی طرح روند رہے ہیں،میاں زاہد

کراچی(کامرس رپورٹر) نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ نجکاری کے عمل میں غیر ضروری سست روی پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین کشیدگی کا سبب بن سکتی ہے جس سے قرضے کی اقساط متاثر ہو سکتی ہیں، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران حکومتوں نے آئی ایم ایف سے قرضہ لیتے وقت نجکاری کی یقین دہانیاں کروائیں مگر سیاسی وجوہات کی وجہ سے ان پر کوئی خاص عمل درآمد نہیں کیا گیا جو افسوسناک ہے۔میاں زاہد حسین نے ایک بیان کہا آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان پر نجکاری کے لئے دبائو بڑھ رہا ہے مگر دوسری طرف وبا کی وجہ سے خریداردلچسپی نہیں لے رہے ہیں ناکام اداروں کی ٹریڈ یونین بھی رکاوٹ بنی ہوئی ہیں جبکہ اپوزیشن اس معاملہ کو اپنے مفادات کے لئے ہوا دے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطابق4.9 کھرب کے محاصل جمع کرنا مشکل ہے جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں گردشی قرضہ1.2 کھرب سے بڑھ کر 2.4 کھرب تک پہنچ چکا ہے ، اسٹیل مل پی آئی اے ریلوے اور دیگر ناکام ادارے بدستور سفید ہاتھی بن کر ملکی وسائل کو روند رہے ہیں جبکہ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں جو اضافہ کیا گیا ہے وہ خسارہ پورا کرنے کے لئے ناکافی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن