کیویز نے جھاڑو پھیر دی پاکستان کو اننگز شکست

کرائسٹ چرچ(آئی این پی)نیوزی لینڈ نے فاسٹ بائولر کائل جیمیسن کی شاندار بائولنگ اور بلے بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 176رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔دوسری اننگز میں 362رنز کے خسارے سے دوچار پاکستانی ٹیم   کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 186رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے  اظہر علی37رنز بنا کر  نمایاں رہے جبکہ ظفر گوہر37،فہیم اشرف28،عابد علی26 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔پہلی اننگز میں 5وکٹیں لینے والے  کائل جیمیسن نے دوسری اننگز میںبھی6وکٹیں حاصل کیں  اور میچ میں 11وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔کین 
ولیمسن کو سب سے زیادہ رنز بنانے اور بہترین انداز قیادت پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بدھ کوکرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ  کے چوتھے روزدوسری اننگز میں 362رنز کے خسارے سے دوچار پاکستانی ٹیم نے 8رنز ایک کھلاڑی آئوٹ سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو نیوزی لینڈ کو نائٹ واچ مین کو محمد عباس کی وکٹ لینے میں زیادہ دیر نہ لگی جو صرف تین رنز بنا سکے۔اظہر علی اور عابد علی کی جوڑی نے اگلے 15 اوورز تک کیوی بالرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن 46کے مجموعی اسکور پر کائل جیمیسن نے 26رنز بنانے والے عابد کو چلتا کردیا۔حارث سہیل نے گزشتہ اننگز کی نسبت قدرے بہتر کھیل پیش کیا لیکن 16رنز بنانے کے بعد وہ بھی کائل جیمیسن کو 
وکٹدے بیٹھے جبکہ دراز قد فاسٹ بالر نے 88کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو بڑا نقصان پہنچاتے ہوئے 37رنز بنانے والے اظہر علی کی وکٹ بھی حاصل کر لی۔گزشتہ چند اننگز سے پاکستانی بیٹنگ لائن کا بوجھ اٹھانے والے قائم مقام کپتان محمد رضوان اس مرتبہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور جب وہ 10رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو 98رنز پر آدھی پاکستانی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔فواد عالم کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ صرف 16رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔فہیم اشرف نے 28رنز اور پہلا میچ کھیلنے والے ظفر گوہر نے 37رنز کی اننگز کھیلیں لیکن یہ دونوں ہی باریاں قومی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے کے لیے معمولی کوشش ثابت ہوئیں۔پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 186رنز پر ڈھیر ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے میچ میں اننگز اور 176رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 2-0سے اپنے نام کر لی۔نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت میچ میں مجموعی 11کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔کین ولیمسن کو سب سے زیادہ رنز بنانے اور بہترین انداز قیادت پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کو شکست



ای پیپر دی نیشن