لاہور ( وقائع نگار خصوصی)جوڈیشل مجسٹریٹ نے شدید سردی میں ملزموںکو دستانے پہنا کر ہتھکڑی لگانے کا حکم دے دیا۔ فاضل عدالت نے کہا کہ کسی بھی شخص کو دوران حراست تکلیف نہیں پہنچائی جاسکتی ۔ملزم بھی انسان ہیں، آئین قانون میں ان کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ ندیم اصغر ندیم نے تحریری حکم جاری کر دیا۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی میں لوہے کی ہتھکڑی لگانے سے ملزم کو ٹھنڈ لگ سکتی ہے۔ مقامی پولیس ہتھکڑی لگانے سے قبل ملزموں کی کلائیوں پر دستانے پہنائے۔ ملزم ہدایت اللہ سے 2500 روپے کی ریکوری کی جاچکی ہے۔ ملزم کو جوڈیشل لاک اپ بھجوایا جاتا ہے اور دوبارہ 11 جنوری کو پیش کیا جائے ۔ملزم ہدایت اللہ نے عدالت سے شدید سردی میں ہتھکڑی لگانے سے ٹھنڈ لگنے کی شکایت کی تھی۔