سانحہ مچھ کے قاتل گرفتار کرکے سرعام پھانسی دی جائے، بابو سرور سیال

کراچی(نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی و صوبائی رہنماوں پر مشتمل وفد نے مرکزی سینئر نائب صدر غلام بابو سرور سیال کی قیادت میں ہزارہ برادری سے مچھ کے افسوسناک سانحے پر اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے مختلف مقامات پر جاری دھرنوں میں شرکت کی۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری سندھ لطیف رند انفارمیشن سیکریٹری ثمر مہدی نقوی جوائنٹ سیکریٹری سلیم قادری علی زیدی محسن رضا عون علی بھی انکے ہمراہ تھے۔ لیگی رہنماوں نے دھرنوں کے شرکا  سانحے پر  افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم پر ہمارا ایک ایک کارکن آپکے ساتھ کھڑا ہے۔ اس غم میں بھی پاکستان سے محبت آپکی حب الوطنی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔لیگی رہنماوں کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں تمام مسالک کو آزادی سے زندگی گزارنے کی اجازت ہے لہذا کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ مسلک کے نام پر بیگناہ انسانوں کا خون بہایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام محب وطن قوتوں کو ملک کے دشمنوں کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔ مسلم لیگی رہنماوں نے وزیر اعظم پاکستان آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ ہزارہ برادری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سرعام پھانسی دی جائے تاکہ آئندہ کسی کی بھی جرات نہ ہو کہ محب وطن ہزارہ برادری کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھ سکے۔ اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین اور شیعہ علما کونسل کی قیادت نے مسلم لیگ کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن