سرینگر‘ اسلام آباد (نیٹ نیوز) ملائیشین آسیان مشاورتی گروپ نے اقوام متحدہ سے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کیلئے بلاتاخیر مداخلت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا بھارت کو غیرانسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی سے روکا جائے۔ ترجمان نے بیان میں کہا کشمیر میں بھارتی اقدامات کا محاسبہ ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کو کشمیر کی صورتحال میں دلچسپی لینا چاہئے۔ بھارت کشمیر میں اپنی افواج کے ذریعے مظالم ڈھا رہا ہے۔ ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کشمیر کی آزادی کی تحریک پر مظالم اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر مظالم کو روکا جائے۔ بھارتی مظالم سے کشمیریوں کے وقار‘ بنیادی حقوق کو نقصان پہنچ رہا ہے اور کشمیر کے محصور خطے میں کشمیریوں کی موجودہ صورتحال سنگین ہے۔ کشمیریوں پر 9 لاکھ فوجیوں کے ذریعے وحشیانہ بربریت ہو رہی ہے۔ مظالم تمام بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ ادھر 1993ء میں قتل عام کی 28 ویں برسی پر سوپور میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی فوج نے متعدد نوجوانوں کوگرفتار کر لیا۔ یاد رہے انڈین فوج نے 93ء میں کئی بستیاں جلا دی تھیں۔ 60 سے زائد نہتے کشمیری شہید اور 350 جھلس گئے تھے۔ حریت پسند رہنماؤں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔