بارش: چھتیں گرنے ، کرنٹ سے ایک شخص جاں بحق، ماں 2بچوں سمیت زخمی

لاہور، کمالیہ، گوجرہ (سپورٹس رپورٹر، صباح نیوز، علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں بارش جبکہ کشمیر سمیت پہاڑی علاقوں میں تین روز سے برفباری کا سلسلہ گزشتہ روز بھی  جاری رہا۔ سیاحوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں  بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سیالکوٹ، فیصل آباد، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، حافظ آباد میں بادل کھل کر برسے۔ ظفر وال، چونیاں، خانقاہ ڈوگراں، اوکاڑہ میں بھی ابرکرم برسا۔ فیصل آباد میں سیوریج سسٹم فیل ہونے سے گلیاں تالاب  بن گئیں۔ استور میں ہر شے برف سے ڈھک گئی۔ مری اور گلیات میں برفباری سے نظارے مزید نکھر گئے۔ سیاحوں کی بڑی تعداد ملکہ کوہسار مری سمیت تفریحی مقامات پر پہنچ گئی۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے جمعرات کے روز اسلام آباد سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر  اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم صبح اوررات کے اوقات  میں  سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، خوشاب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، خانیوال، ساہیوال، خانپور اور رحیم یار خان میں شدید دھند چھائے رہنے  کی توقع ہے۔ کمالیہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گذشتہ روز کمالیہ شہر اور گردونواح میں دن بھر موسم ابر آلود رہا جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گوجرہ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کے بعد سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بارش کو گندم کی فصل کیلئے بہتر قرار دیا جا رہا ہے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شہری آبادی مبارک آباد میں محنت کش کی بیوی فرزانہ بی بی اپنی بیٹی زینت اور چھ ماہ کے بیٹے اکبر کے ہمراہ گھر پر موجود تھی کے بارش کے باعث سرکنڈوں سے بنائی جانے والی چھت پر آن گری جس سے تینوں شدید زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء بارش کے دوران گلی میں کھڑے پانی میں کرنٹ آنے سے سلامت پورہ کا رہائشی عثمان ولد انور جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ شیخوپورہ نے نمائندہ خصوصی کے مطابق نارنگ منڈی کے نواحی گاؤں آہدیاں میں مشتاق کی حویلی کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ملازم حنیف ولد اللہ وسایا 21 سالہ زخمی ہو گیا اور 2 بھینسیں ہلاک ہو گئیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...