کراچی (وقائع نگار+ کامرس رپورٹر)کراچی میں سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے و سابق صدر آصف علی زرداری کے کزن زین حسن آفندی کو قتل کردیا گیا جس کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جمشید کوارٹرز پولیس نے کہا کہ 50 سالہ زین حسن آفندی کو گرومندر کے قریب کوسمو پولیٹن سوسائٹی میں ان کے گھر میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ بدھ کی صبح 5 مسلح افراد دیوار پھلانگ کر بنگلے میں داخل ہوئے اور زین حسن آفندی کے کمرے کے دروازے کا تالا توڑ دیا۔ پولیس نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے گھر کے تمام افراد کے موبائل فونز، قیمتی سامان اور طلائی زیور چھین لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے زین حسن آفندی پر اس وقت فائرنگ کی جب انہوں نے اپنی اہلیہ سے زیورات چھیننے پر مزاحمت کی۔ زین حسن آفندی کو زخمی حالت میں ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ہسپتال عہدیدار نے بتایا کہ ان کے منہ میں ایک گولی لگی جو جسم میں پھنس گئی تھی۔ گولی کو تفتیش کاروں کے سپرد کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی شرقی نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے چھ خول جمع کیے ہیں۔ واضح رہے کہ زین حسن آفندی کی رہائش گاہ اعلیٰ سکیورٹی زون میں واقع ہے۔ واقعے کے بعد رہائش گاہ کے قریب پولیس کی دو موبائل تعینات کردی گئی ہیں۔ سینئر افسر نے انکشاف کیا کہ ملزمان نے زین علی آفندی کی اہلیہ کا ایک والٹ، 2 موبائل فون اور طلائی زیورات چھین لئے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے گھر کی تلاشی نہیں لی۔ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے اور پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ یہ ڈکیتی ہے یا ملزمان کا کوئی اور مقصد تھا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے زین علی آفندی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اہلخانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ واقعہ میں ملوث اصل ملزمان کو فوری گرفتار کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ 5ملزمان رات 3بجکر 25منٹ پر گھر میں داخل ہوئے اور 55 منٹ تک گھر میں موجود رہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سفید رنگ کی کرولا گاڑی میں آئے تھے۔ مسلح افراد نے زین آفندی کے چہرے پر3 گولیاں ماریں، گھر میں موجود ملازم کو رسیوں سے باندھ دیا گیا تھا۔ خیال رہے سندھ مدرسۃ الاسلام یکم ستمبر 1885ء کو قائم ہوا۔ اس کے بانی حسن علی آفندی تھے ۔ سندھ مدرسۃ الاسلام کا شمار جنوبی ایشیا کے قدیم ترین جدید مسلم تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم یہیں سے حاصل کی تھی۔