لاہور (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اپنے خلاف ہرجانے کے دعوی پر لاہور کی مقامی عدالت میں پیش ہوگئے۔ شہباز گل پر ترک کمپنی کو میٹرو بس کے ٹھیکے کے بارے میں بیان دینے پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ شہباز گل کی پیشی کے موقع پر موجود مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے مخالفانہ نعرے لگائے اور گاڑی پر ہاتھ مارے۔ شہباز گل جوڈیشل کمپلیکس میں قائم ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کیلئے آئے کارکنوں نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی کو دیکھتے ہی نعرے لگانا شروع کر دیئے اور چند کارکن شہباز گل کی گاڑی کی طرف دوڑے اور ہاتھ مارے۔ تاہم پولیس نے بحفاظت ان کی گاڑی کو احاطہ عدالت سے نکلوایا۔ وزیر اعظم کے مشیر کیخلاف دعویٰ پر عدالت کے روبرو پیشی پر شہباز گل کے وکلا نے ان کی پیروی کیلئے وکالت نامہ داخل کیا جس کے بعد عدالت نے کارروائی 16 جنوری کیلئے ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور میں میٹرو بسوں کو چلنے کے لیے بہت مہنگا ٹھیکہ دیا۔ اب تحریک انصاف کی حکومت میں تین کمپنیاں بولی میں شامل ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے مطابق حکومت نے میٹرو بس کے ٹینڈر انتہائی کم قیمت میں دیے۔ جبکہ شہباز شریف نے 100 فیصد مہنگا دیا۔