اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں سرخرو ہوئی۔ کسی جماعت نے تحریک انصاف کی طرح فنڈنگ کا حساب نہیں دیا‘ تحریک انصاف نے شفاف فنڈنگ کا نظام دیا ہے۔ تحریک انصاف نے 40 ہزار ڈونرز کا حساب دیا۔ انتظار ہے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی فنڈنگ سامنے آئے۔ حیران ہوں کہ کیسے کیسے لوگ مریم نواز کے پیچھے ہاتھ باندھے کھڑے ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں نئے لوگوں کو سامنے آنا چاہئے۔ دونوں پارٹیاں اپنا نام زرداریا اور شریفیا پارٹی رکھ لیں۔ ایک کہتا ہے تحریک شروع کریں گے دوسرا کہتا ہے استعفیٰ دیں۔ یہ ضروری نہیں آپ نانا دادی بن جائیں اور آپ کو عقل بھی آ جائے۔ مریم نواز اور بلاول عمر میں بڑے ہیں ذہنی طور پر بچے ہیں۔ یہ بچے ہیں وقت کے ساتھ ان کو پتہ چل جائے گا کہ سیاست کسے کہتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کو منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا گیا۔ نواز شریف کبھی ایک اور کبھی دوسرے ریسٹورنٹ میں جاتے ہیں۔ نواز شریف نے 17 مارچ سے علاج نہیں کرایا۔ مریم نواز نے پرویز رشید کے ساتھ فون لیک کو تسلیم کیا۔ مسلم لیگ ن کو بطور جماعت معافی مانگنی چاہئے۔ پرویز رشید کی طرف سے معافی نامہ آئے تو کوئی حرج نہیں۔ مہنگائی کیخلاف جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ مہنگائی کی کمر جلد ٹوٹے گی اور معاشی استحکام آئے گا۔ اپنے ٹویٹ میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ای سی سی نے چین سے ڈیڑھ لاکھ ٹن کھاد درآمد کرنے کی منظوری دی ہے، 50ہزار ٹن کھاد کا پہلا جہاز 10فروری کو پہنچے گا۔ جنوری سے 6لاکھ ٹن مقامی کھاد بھی مارکیٹ میں آنا شروع ہوجائے گی۔ عالمی منڈی میں بہت زیادہ قیمت کے باوجود ہمارے کسان کو کھاد کی کمی کا سامنا نہیں ہو گا۔چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ صحافت میں کورٹ رپورٹرز کا کردار بہت اہم ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔
مریم نواز ، بلاول ذہنی طور پر بچے ، سیاست کا وقت کیساتھ پتہ چلے گا : فواد چودھری
Jan 07, 2022