اپوزیشن عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لائے ، مدت پوری کرینگے : عمران

Jan 07, 2022

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے حکومت کیلئے اگلے 3ماہ انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ ملکر حکومت 5سال پورے کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے  جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہماری حکومت کے اگلے3ماہ انتہائی اہم ہیں، آئندہ3ماہ میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا، ہمارے بہت سے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہو رہی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر ابھی بہت دور ہے۔ حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے۔  پنجاب حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہوں۔ اللہ کا شکر ہے ہمارے ووٹ بنک میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ اپوزیشن عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کرپشن زدہ پارٹیوں سے مجھے کوئی خطرہ نہیں، تمام تر شواہد کے باوجود یہ لوگ بچ نکل رہے ہیں۔ خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں شکست سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں شکست سے پارٹی کو نقصان ہوا، انتخابات میں شکست پارٹی کی تنظیمی سطح پر بڑی ناکامی ہے۔ چین اور امریکہ سے تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین اور امریکا کیساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ‘ تعمیرات و ترقی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے مہنگے سیکٹرز میں سرکاری رہائشوں پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر کمرشل عمارتیں تعمیر کرنے اور بے ہنگم پھیلائو کو روکنے کے لئے شہروں کی حدود متعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب و متوسط طبقے کے لیے کم قیمت گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا کر رہے ہیں،گھروں کی تعمیر کے لئے اب تک 38  ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جاچکے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فوادحسین، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، معاون خصوصی شہباز گل، گورنر سٹیٹ بینک اور سینئر افسران شریک تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنگلات اور قدرتی تنوع کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے چاررویہ ہائی وے کی تعمیری لاگت مسلم لیگ ن کے دور حکومت کے 411 ملین روپے فی کلومیٹر کے مقابلے میں کم کر کے 172 ملین روپے فی کلومیٹر کرنے اورریونیو وصولی میں 125فیصد سے زائد اضافے پر وزارت مواصلات واین ایچ اے کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات اور این ایچ اے کی شفافیت اور ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت چار رویہ ہائی وے کی لاگت پر قومی خزانہ کو مسلم لیگ ن کے دور حکومت کے مقابلہ میں بھاری بچت ہوئی ہے۔ مزید براں عمان کے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان دہائیوں پرانے تعلقات ہیں جو مشترکہ ثقافت، بھائی چارے اور عوامی روابط پر مبنی ہیں، پاکستان اومان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے ساتھ ساتھ پائیدار اقتصادی تعلقات کا خواہاں ہے۔ عمانی تاجروں کے وفد نے عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین رضا جمعہ محمد علی الصالح کی قیادت میں اور عمان سے پاکستانی تاجروں نے جمعرات کو  اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے بھی ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بحیثیت قوم صرف حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ترقی کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم سے گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی ملاقات کی۔ پنجاب کی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی امور پر بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں