مانسہرہ (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ مہنگائی عالمی مسئلہ‘ اس وجہ سے وہ بھی بہت تکلیف میں ہیں۔ مانسہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا صوبائی صدر بنانے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں، اپنی ذمہ داریوں سے ہمیشہ انصاف کیا ہے، پارٹی میں اتحاد قائم رکھنا پہلی ترجیح ہے، تنظیم سازی میں کارکنان کی رائے کو مقدم رکھیں گے، مہنگائی صرف یہاں ہی نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، پاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے۔ کنونشن میں بعض کارکنوں کے مہنگائی کیخلاف اور ’’گو گو‘‘ کے نعروں پر پرویز خٹک غصے میں آ گئے اور کہا جو پارٹی میں نفاق کرے گا اسے نکال دوں گا۔ پرویز خٹک کی ایبٹ آباد میں تقریر کے دوران صحافیوں نے احتجاج کیا۔ وزیر دفاع تقریر ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔ اسی ورکرز کنونشن میں وزیراعلیٰ محمود خان کی تقریر کے دوران صوبہ ہزارہ کے نعرے لگائے گئے‘ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بنانے کا اختیار نہیں ڈویژن دے سکتا ہوں۔ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے۔ ہزارہ اور ملاکنڈ سے کامیاب ہو کر وزیراعظم کو تحفہ دیں گے۔
مہنگائی عالمی مسئلہ‘ وزیراعظم بھی اس وجہ سے بہت تکلیف میں ہیں: پرویز خٹک
Jan 07, 2022