لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ حکومت چیخ چیخ کر بھی اپوزیشن کے تمام سوالات کے جواب دے تو بھی اپوزیشن تک ہماری بات نہیں پہنچ سکتی کیونکہ اپوزیشن کا حکومت سے اختلاف ایجنڈا اور بیانیے کا ہے۔ ن لیگ یقین کرنے سے قاصر ہے کہ ایک ایسی جماعت حکومت میں ہے جس میں وزیرِ اعلیٰ کے پانچ کیمپ آفسز نہیں ہیں، جس نے سی ایم آفس کے اخراجات میں کمی کر دی اور جو عوامی خزانے کو پوری ایمانداری سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کر رہی ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو جو انفارمیشن چاہئے وہ حکومت مہیا کرے گی۔ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ بہتر گورننس کی جان ہے۔ اپوزیشن اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے الحمراء میں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے حوالے سے ایک سیمینار کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست ایک گولڈن تکون کے گرد گھومتی ہے۔ جاتی امرائ، ماڈل ٹاؤن اور لندن اس تکون کے تین حصے ہیں۔ لیکن اس تکون کے بیچوں بیچ کوٹ لکھپت بھی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان صرف اچھے وقت کے دوست ہیں، یہ کسی صورت ملک واپس نہیں آئیں گے، لیکن حکومت انہیں ہر صورت واپس لائے گی۔ ن لیگ کا تین صفحاتی بیانیے کا سکرپٹ مریم کے بیان سے شروع ہو کر ڈیل کے انتظار، اتفاق فاؤنڈری سے آڈیو/ویڈیو لیکس برآمد ہوتے ہوئے مخالفین کی کردار کشی پر آ کر ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان سے ہوتا ہوا بنک اکاؤنٹس تک پہنچ چکا ہے۔
اپوزیشن کا حکومت سے ایجنڈے اور بیانیے کا اختلاف ہے : حسان خاور
Jan 07, 2022