جنرل باجوہ سے ترک ڈپٹی جیف کی ملاقات ، فوجی تعلقات بہتر بنانے پر اتفاق

Jan 07, 2022

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سیلکوک بیراک تاروگلو نے جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں ان کے آفس میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر خصوصی زور دیتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں جن کی جڑیں تاریخی اعتبار سے بہت گہری ہیں اور ہماری ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہے۔ آرمی چیف نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت اور انسانی بحران کو روکنے کے لیے عالمی اتحاد اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ جنرل سیلکوک بیراک تاروگلو  نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں کردار کو بھی سراہا۔ 

مزیدخبریں