شیر گڑھ (نمائندہ خصوصی) قبر کھود کے بزرگ کا جسد خاکی غائب کرنے پر مذہبی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شیر گڑھ کے موضع شیر نگر میں قیام پاکستان سے قبل کا دربار عالیہ حضرت بابا بیری والی سرکار ؒ ہے جن کا سالانہ عرس مبارک ہر سال منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر سے زائرین شیر نگر آتے ہیں۔ گزشتہ رات جب زائرین دربار عالیہ پہنچے تو دیکھا کہ مزار اقدس میں قبر کھودی ہوئی تھی اور قبر سے بزرگ بابا بیری والی سرکار کا جسد خاکی غائب تھا۔ اطلاع پر مذہبی جماعتیں سراپا احتجاج بن گئیں اور احتجاجی لائحہ عمل پر مشاورت شروع کردی۔ دوسری جانب اہل علاقہ میں یہ افواہ بھی گردش کررہی ہے کہ مزار میں خزانہ دفن تھا جو نامعلوم ملزموں نے رات کی تاریکی میں قبر کھود کر نکال لیا ہے۔