اسلام آباد(نا مہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت اسلام آباد میں افغانستان بین الوزارتی کوآرڈینیشن سیل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر اور بین الوزارتی سیل کے کنوینر معید یوسف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی شرکت پر خیر مقدم کیا اور سیل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے افغانستان کے عوام کے لیے انسانی امداد کے عمل کو آسان بنانے کیلئے فورم کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات پر اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔ سپیکر کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے اعلان کردہ 5ارب کے امدادی پیکج میں کھانے پینے کی اشیا، زندگی بچانے والی ادویات اور موسم سرما کیلئے گرم لباس، خیموں اور کمبلوں سمیت پناہ گاہوں کی فوری فراہمی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے افعانستان میں انسانی امداد کے علاوہ طبی شعبہ میں کام کرنے والی بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کیلئے ویزا کے اجرا میں تعاون کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں رکے ہوئے مریضوں کو افغانستان واپسی کے لیے سہولت فراہم کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو طویل مدتی قیام دینے کی تجویز کو وزیراعظم کی حتمی منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب اور افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے محمد صادق خان سمیت اعلی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی سلامتی کے مشیر کی سربراہی میں پاکستانی حکام کا ایک اعلی سطحی وفد بہت جلد افغانستان کا دورہ کرے گا۔
اسد قیصر کی زیر صدارت افغانستان بین الوزارتی کوآرڈینیشن سیل کا اجلاس
Jan 07, 2022