اوآئی سی کے اداروں کا سائنسی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق

Jan 07, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)او آئی سی کے سائنس ٹیکنالوجی اور انوویشن ایجنڈا 2026 کے نفاذ کے لیے بنائی گئی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ایک ورچوئل میٹنگ کامسٹیک نے منعقد کی۔ اجلاس کا ایجنڈا گذشتہ دو سالوں کے دوران سائنس ٹیکنالوجی اور انوویشن ایجنڈا 2026 کے نفاذ پر پیشرفت کا جائزہ لینا اور سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے فروغ کیلئے نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔اس میٹنگ میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے تمام 12 اراکین نے شرکت کی جن میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل او ائی سی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک اور دوسرے او ائی سی کے ممبر اداروں کے ڈائریکٹر جنرل اور اور سینئر حکام شامل تھے۔کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے شرکا کا خیرمقدم کیا اور کامسٹیک کے ساتھ ان کے مسلسل تعاون اور ایجنڈا 2026 کے نفاذ کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی تعریف کی۔ ڈاکٹر چوہدری نے کہا کہ یہ میٹنگ اس لہاظ سے بہت اہم ہے کہ اس میں ایس ٹی آئی ایجنڈے پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، اور ابوظہبی اعلامیہ کی روشنی میں آگے بڑھنے کا راستہ ترتیب دیا جائے گا۔اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل او آئی سی برائے سائنس و ٹیکنالوجی سفیر اسکار مسینوف نے اپنے خطاب میں او ائی سی کے وژن کو شیئر کیا جیسا کہ ابوظہبی کے دوسرے سربراہی اجلاس کے اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسٹیئرنگ کمیٹی کے مختلف اقدامات میں رکن ممالک کی شرکت کو بڑھا کر ایس ٹی آئی ایجنڈے کے اثرات کو بڑھانے کے طریقوں کی نشاندہی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزیدخبریں