لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر نے علی بابا اور نیکسٹ برج کے اشتراک سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا جس کا مقصد کاروباری برادری کو ای کامرس پلیٹ فارمز کی ضرورت اور بے پناہ فوائد سے روشناس کروانا تھا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر سیمینار کے مہمان خصوصی تھے جبکہ نائب صدر حارث عتیق، علی بابا کے کنٹری مینیجر برائے پاکستان سونگ سونگ، نیکسٹ برج کے زوہیب احمد ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین محمد ندیم ملک، محمد علی افضل، مردان علی زیدی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے اس موقع پر خطاب کیا۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروبار ی شعبہ کیلئے موثر سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کر رہا ہے۔ ای کامرس کے ذریعے کاروباری سرگرمیاں بھی قلیل وقت میں پوری دنیا میں پھیل رہی ہیں۔ علی بابا گروپ نے دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی ای کامرس مارکیٹ میں آن لائن خریداری کیلئے مقبول ترین مقامات میں سے ایک کے طور پر ایک منفرد حیثیت حاصل کر لی ہے۔حارث عتیق نے کہا کہ ای کامرس پلیٹ فارم کے استعمال سے لاہور چیمبر کے ممبران کو عالمی سطح پر پہچان بنانے، کاروبار کو وسعت دینے اور بین الاقوامی خریدار تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔