لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر طبقہ بھی معیشت میں اہم کردار اد اکر رہا ہے اس لئے اسے بھی انڈسٹری کی طرح رعایتیںدی جائیں ۔ ملک بھر میں 40لاکھ سے زائد تاجر ٹیکسز کی ادائیگی کے ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرنے کابھی ذریعہ ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محبوب علی سرکی ،میاں طارق فیروز،نعیم بادشاہ،میاں سلیم، حافظ عطا الرحمن ،ملک ناظم اور دیگر بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تجارتی مراکز میں تجاوزات کی بھرمار اورپارکنگ کیلئے جگہ نہ ہونے کی وجہ سے کاروبارتباہ ہو گیا ہے لیکن حکومت اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت تجاوزات کے خاتمے کیلئے گرینڈ آپریشن کرے اوراس کے ساتھ ساتھ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ تاجروں کو انتہائی مہنگے داموں بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ اس کے برعکس انڈسٹریز کو کم نرخوں پر بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ہمارا بھی معیشت میں اہم کردار ہے اس لئے حکومت تاجروںکو بھی بجلی کے بلوں میں رعایت دے۔