کمشنر لاہور کا دورہ ننکانہ، صحت سہولت کارڈ کائونٹر اور دیہی مال مرکز کا افتتاح کیا

Jan 07, 2022

لاہور(سٹی رپورٹر)کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ننکانہ صاحب کے دورے کے موقع پر ڈی سی آفس ننکانہ میں قائم صحت سہولت کارڈ کاؤنٹر اور ینگسن آباد میں دیہی مال مرکز کا افتتاح کیا۔اس موقع پر کمشنر لاہور نے کہا کہ صحت سہولت کارڈ کا اجرا وزیر اعظم عمران خان کا ایک اوراحسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب شدہ سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں نیا پاکستان صحت کارڈ کاؤنٹرز قائم کردیئے گئے ہیں۔ صحت سہولت کارڈ کے ذریعے اب شہری اپنا علاج منتخب شدہ سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں کرواسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ ز کی گمشدگی و دیگر پریشانیوں سے بچانے کے لیے اب صرف قومی شناختی کارڈ پر شہریوں کی رجسٹریشن ہوسکے گی۔ کیپٹن (ر) محمد رعثمان نے کہا کہ شہری ویکسی نیشن کے ذریعے کرونا کے مہلک وائرس سے خودمحفوظ رہیں۔ دوسروں کو بھی محفوظ بنائیں۔بعدازاں کمشنر لاہور ڈویڑن کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ دیہی مرکز مال ینگسن آباد کا دورہ بھی کیا۔کمشنر لاہور نے دیہی مرکز مال ینگسن آبادمیں ریونیو سے متعلقہ سہولیات کا تفصیلی معائنہ لیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ صوبہ بھر میں دیہی مراکز مال کا قیام موجودہ حکومت کا تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی مراکز مال میں شہریوں کو ہر قسم کی فرد اور انتقالات فوری طور ر فراہم کیے جائیں گے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیہی مراکز مال میں شہریوں کوبلا شکایت بہترین،بروقت اور معیاری سروسز فراہم کی جائیں۔ 

مزیدخبریں