لاہور(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا نیکورونا کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویز ا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کرنیکا فیصلہ کرلیا۔ وہ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے گزشتہ روز میلبورن پہنچے تو ائیر پورٹ حکام نے ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزا کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا۔ٹینس سٹار سے ائیر پورٹ پر ویزے کی حیثیت اور استثنیٰ کے بارے میں 8 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تاہم کافی دیر انتظار کے بعد ویزا منسوخ کردیا ۔آسٹریلوی بارڈر فورس کی جانب سے کہا گیا کہ جوکووچ آسٹریلیا میں داخلے کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے مناسب ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے اس لیے ویزا منسوخ کر دیا ہے۔ جن غیر ملکیوں کے پاس داخلے کیلئے جائز ویزا نہیں یا جن کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے انہیں حراست میں لے کر آسٹریلیا سے نکال دیا جائیگا۔ نوواک جوکووچ کے وکلاء نے فیصلے کیخلاف اپیل کردی ہے۔ سربیا کے صدر آسٹریلیا پر برس پڑے اور ٹینس سٹار کیساتھ ناروا سلو ک کی مذمت کرتے ہوئے جوکووچ سے فون پر کہا کہ پورا سربیا آپ کیساتھ ہے۔ دنیا کے بہترین کھلاڑی کیساتھ نا روا سلوک کا معاملہ اٹھانے کے اقدامات کررہے ہیں ،عالمی قوانین کے تحت جوکووچ کو انصاف دلانے کیلئے لڑیں گے۔ نوواک جوکووچ نے ویزے کی منسوخی کیخلاف آسٹریلوی عدالت سے رجوع کیا ہے۔ وکلاء آسٹریلوی حکومت کے فیصلے کیخلاف عدالتی کارروائی میں مصروف ہیں، اس امید کیساتھ کہ وہ ٹینس سٹار کی ملک بدری کو روک سکیں۔نوواک کی والدہ نے سربیا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلین حکام کی جانب سے ان کے بیٹے کیساتھ قیدیوں جیسا سلوک کیاجارہا ہے جو غیر انسانی اور ناجائز ہے۔ وہ خراب حالت والی رہائش میں رات بھرسو نہیں سکے ۔