لاہور(خصوصی نامہ نگار)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے سن لیں پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ چلیں گے لیکن کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ،مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنے ادوار میں عوام اور ملک کیلئے سوچنے کی بجائے اپنے اور اپنے حواریوں کے بارے میںسوچا اور ان کے ذاتی کاروبار دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے ۔اپنے بیان میںانہوںنے کہاکہ اگر ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو کرپشن کے ناسور کوجڑ سے اکھاڑنا پھینکنا ہوگا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور مافیاز کو بے نقاب کرنے کیلئے غیر معمولی فیصلے کئے ہیں ، ملک میں پنجے گاڑھنے والے یہ عناصر مزاحمت کررہے ہیںلیکن انہیں بالآخر قانون کے دائرے میں لا یا جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ،وزیر اعظم عمران خان بے خوف لیڈر ہیں اور انہوںنے ہر کڑے وقت میں اپنے فیصلوں سے ثابت بھی کیا ہے ۔
کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا: مسرت جمشید چیمہ
Jan 07, 2022