لودھراں (نامہ نگار،نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے کہا ہے کہ احساس راشن پروگرام کے تحت35 ہزار افراد کی رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے۔ا نہوں نے مزید کہا کہ احساس راشن پروگرام کیلئے 1ہزار400کریانہ مرچنٹس کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ضلع کی 70 یونین کونسلوں میں فی یونین کونسل 20 کریانہ مرچنٹس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں احساس راشن پروگرام کے تحت کیے جانے والے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ازوبا عظیم، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں سیدہ آمنہ مودودی، اسسٹنٹ کمشنر دنیا پور محمد اعتزاز انجم و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے کہا کہ50 ہزار سے کم آمدنی والے افراد احساس پروگرام کیلئے اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اہل گھرانوں کا انتخاب میرٹ پر کیا جا رہا ہے دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے صبح سویرے بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کیلئے تعینات عملہ کی کارکردگی کا جائز ہ لیا اور انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔