لاہور (آئی این پی) لاہو میں آٹا بحران پیدا کرنے والا پنجاب کا بڑا سرکاری آٹا سمگلر گینگ پکڑا گیا، ملزموں نے قصور کے نواح میں خالی پڑی ٹیکسٹائل ملز میں خفیہ گودام بنا کر آٹا فیکٹری بنا رکھی تھی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ لاہور ڈویژن کی سربراہی میں سپیشل ٹیم نے جمبر کے علاقہ میں ملز پر چھاپہ مارا۔ روزانہ لاہور سے سیکڑوں تھیلے ریفائن کرنے کے بعد پشاور سمگل کیے جاتے تھے، ملزمان 1295 روپے قیمت والا سرکاری آٹا 1450 روپے میں خرید کر 2400 روپے میں سمگل کرتے۔ سینئر حکام سمیت خفیہ اداروں نے تحقیقات شروع کردی۔ مبینہ طور پر کچھ سرکاری اہلکار فی تھیلا 150 تا 200 روپے لے کر چند فلور ملز کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کا کہنا ہے کہ 3 کنال کے گودام میں آٹے سے بھرے ہزاروں تھیلوں سمیت غیر معمولی تعداد میں خالی سرکاری تھیلے برآمد ہوئے۔ گودام کے اندر جدید ترین مشینیں نصب تھیں، ملزموں نے بوگس برانڈ کے ناموں والے نجی تھیلے پرنٹ کرا رکھے تھے۔