فیصل آباد؍ کشمور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) فیصل آباد پولیس نے مقابلے میں ریکارڈ یافتہ دو ڈاکو پار کر دیئے، جبکہ 2 ڈاکو کشمور میں مخالفین کی فائرنگ سے تفصیل کے مطابق تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے علاقہ 615 گ ب کے قریب گشت کے دوران پولیس پارٹی نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد کو چیکنگ کے لئے روکا تو ملزموں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، اطلاع ملتے ہی ڈولفن فورس اور پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی، پولیس اور ملزموں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ڈاکو زخمی ہو کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے ساتھی موٹر سائیکل پھینک کر فصلوں کی آڑ لیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ہلاک ہونے والے ملزموں کی شناخت شاہد اقبال اور احسان کے نام سے ہوئی ہے۔ کشمور میں کچے کے علاقے گھیلپور میں فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ قبیلے جاگیرانی کے دو گروہوں میں پرانی دشمنی کی وجہ سے ہوئی۔ مرنے والوں میں مبینہ ڈاکو وبلیو جاگیرانی اور شوکت جاگیرانی شامل ہیں۔ ڈاکو وبلیو جاگیرانی کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے 50 لاکھ انعام مقرر کیا تھا۔ وبلیو جاگیرانی پولیس اہلکاروں کی شہادت سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث تھا۔
فیصل آباد، کشمور، کچے کے علاقے میں 4 ڈاکو ہلاک
Jan 07, 2023