قاضی حسین احمدمرحوم بہادر سیاستدان ، عظیم شخصیت تھے:ضیاء الدین انصاری

Jan 07, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمدمرحوم بہادر سیاستدان اور عظیم شخصیت تھے۔ قاضی حسین احمد پاکیزہ اور مسنون سیاست کی ایک مسلسل اوربے نظیر مثال تھے۔جماعت اسلامی کا ہر کارکن اور ورکرقاضی حسین احمد کے مشن غلبہ دین کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ قاضی حسین احمد نڈر سیاست دان تھے۔ انہوں نے ہمیشہ حق بات کی۔ انہوں نے وقت کے آمرحکمران کے سامنے ڈٹ کر جدوجہد کی اور اپنے موقف پردلیری کیساتھ کھڑے رہے۔ ان کی ساری زندگی اقامت دین اور غلبہ دین کی جدوجہد میں گزری۔قاضی صاحب آخری وقت تک امت مسلمہ کے آپس کے مسلکی اور فرقہ وارانہ اختلافات کو ختم کر کے اتحاد امت کی جدوجہد کرتے رہے۔ آج بھی جماعت اسلامی کا ہر کارکن اور ورکرقاضی حسین احمد کے مشن غلبہ دین کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ قاضی حسین احمد اپنے دور کی دینی و سیاسی شخصیات میں وہ واحد شخصیت تھے جو ظاہر و باطن میں فرق نہیں رکھتے تھے۔ قاضی حسین احمدؒ اجلے کردار کے مالک، کھرے اور بے داغ انسان تھے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے قاضی حسین احمد کے یوم وفات کے موقع پر مختلف سیاسی و سماجی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں کہا کہ قاضی حسین احمد نے جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے۔ 

مزیدخبریں