لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چودھری پرویزالٰہی کو اعتماد کا ووٹ دینے کا اعلان کر دیا۔ مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری وفد کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی خواہش پر ملاقات کیلئے زمان پارک پہنچے۔ اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کی ایم پی اے سیدہ زہرہ نقوی کی جانب سے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو ووٹ نہ دینے کے بیان پر تفصیلی طورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پنجاب حکومت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا جس پر عمران خان نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے آئندہ بھی سپورٹ کرنے کا عزم دہرایا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا بھی ملاقات میں موجود تھے۔ سیاسی صورتحال‘ دونوں جماعتوں میں اشتراک اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
مجلس وحدت مسلمین کا پرویزالٰہی کو اعتماد کا ووٹ دینے کا اعلان
Jan 07, 2023